کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دیکھا دیں گے

Image Source: Power Tech Review

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

دلکش یہ حسیں کتنے گنگا کے کنارے ہیں

بھارت تری دھرتی کے کیا خوب نظارے ہیں

مسجد بھی ہماری ہے مندر بھی ہمارے ہیں

ہم ہند کے واسی ہیں دنیا کو بتا دیں گے

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

ہم اس کے محافظ ہیں یہ ملک ہمارا ہے

ہر ایک مخالف کا سر ہم نے اتارا ہے

آنچ آئے وطن تجھ پر کب ہم گنورا ہے

اے دیس تری خاطر ہم خود کو مٹا دیں گے

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

آتی ہے دیوالی جب سب دیپ جلاتے ہیں

ہم عید کرسمس بھی اک ساتھ مناتے ہیں

نعرے تیری الفت میں ہم لوگ لگاتے ہیں

اس امن کی دھرتی کو رنگوں سے سجا دیں گے

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

پھیلی ہیں زمانے میں بھارت تری تنویریں

آئے ہیں غلامی کی سب توڑ کے زنجیریں

لکھی ہیں لہو دے کر ایثار کی تحریریں

اے ملک تیری خاطر ہم سر کو کٹا دیں گے

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

یہ خاک وطن تیری ابھرے ہوئے تارے ہیں

طوفان سے ٹکرائے وہ ویر ہمارے ہیں

اس مادر گیتی کے سب روپ نیارے ہیں

تاریخ ہے کیا اپنی دنیا کو سنا دیں گے

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

ہر دل میں محبت کی اک جوت جلائی ہے

گاندھی نے اہنسا کی جو راہ دیکھائی ہے

سنسار نے خود اس سے اک راہ بنائی ہے

پیغام محبت کا ہم لوگ سدا دیں گے

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

ہے ہم پہ سدا دیکھو مالک کا کرم یارو

روکے سے نہیں رکتے اب اپنے قدم یارو

ہم توڑ کے رکھ دیں گے باطل کا بھرم  یارو

مشکل کا ہر اک پتھر ہم رہ سے ہٹا دیں گے

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

 

کیا رنگ مزمل ہے اچھا یہ ترنگا ہے

سنسار کے جھنڈوں سے اونچا یہ ترنگا ہے

اس پیار کی دھرتی کا سچا یہ ترنگا ہے

عادل اسی جھنڈے کو ہر دل میں بسا دیں

 

کیا شان ہماری ہے یہ جگ کو دکھا دیں گے

باطل تیرے منصوبے مٹی میں ملا دیں گے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here