ایک مدت میں پتا مجھ کو چلا جادو ہے

Image Source: Wallpaper Access

ایک مدت میں پتا مجھ کو چلا جادو ہے
تیرے اطراف میں ہے جو بھی فضا جادو ہے

ایک بستی جہاں سب لوگ ملے ہنستے ہوئے
دیکھا جب اس نے تو مجھ سے یہ کہا جادو ہے

رخ سے جب زلفیں ہٹائیں تو ہوا ہنگامہ
بھیڑ سے اٹھا کوئی بول پڑا جادو ہے

پھر بھی سب لوگ یقیں کرنے لگے جادو پر
جادو گر بارہا کہتا یہ رہا جادو ہے

ایک وہ شخص کہ جس تک نہ رسائی تھی مری
چل کے جب سامنے آیا تو لگا جادو ہے

چاند جب ٹکڑے ہوئے دیکھ کے حیران ہوا
پھر گیا بات سے اور کہنے لگا جادو ہے

تلخیاں اور یہ غصّہ بھی لبھاتا ہے ترا
تیرا ہر روز جو مجھ سے ہے گلا جادو ہے

خود بخود کھلنے لگیں پاؤں کی زنجیریں سیف
میری جانب جو سدا آئی سدا جادو ہے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here