گھٹ گھٹ کے اپنے دل کی مرمت کرے گا کون

گھٹ گھٹ کے اپنے دل کی مرمت کرے گا کون

اس بے وفا بشر سے مروت کرے گا کون

جب تک حجاب ہو تو رہے آرزوِ دید

آئے جو بے حجاب تو حسرت کرے گا کون

زاہد تمہارے ہاتھ میں ساغر ہے کس لئے

گر تم پیو گے ہم پہ ملامت کرے گا کون

کہتے ہیں ہم سے ملک تمہارا نہیں ہے یہ

ہم ہی چلے گئے تو حفاظت کرے گا کون

خود کو ہی اپنا دشمنِ جانی بنا لیا

کم ظرف دشمنوں سے عداوت کرے گا کون؟

احؔرس تمہارے دل میں ہے وحشت کا اک جہاں

تم ہی بتاؤ تم سے محبت کرے گا کون؟

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here